نومئی کیس کا فیصلہ: یاسمین راشد، محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید، شاہ محمود قریشی بری
لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق ایک اور اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی، جبکہ شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا گیا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں پولیس کی گاڑیاں جلانے سے متعلق مقدمے کا محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چوہدری کو مجرم قرار دیتے ہوئے ہر ایک کو 10 سال قید کی سزا سنائی۔ فیصلے کے مطابق ملزمان کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر انہیں قانونی سزا دی گئی۔
دوسری جانب مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف شواہد ناکافی ہونے پر عدالت نے انہیں بری کرنے کا حکم دیا۔
یہ مقدمہ 9 مئی 2023 کے واقعات کے دوران پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے الزام میں درج کیا گیا تھا۔ فیصلے کے بعد 9 مئی سے متعلق مقدمات میں عدالتی کارروائی کا ایک اور اہم مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، جبکہ دیگر مقدمات کی سماعتیں بھی مختلف عدالتوں میں جاری ہیں۔








