شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید
شمالی وزیرستان:شاکرخان
سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے دو جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہداء کی شناخت اور دیگر تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق آپریشن سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔








