ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کے باعث اسلام آباد میں میٹروبس سروس آج بند
اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے پاکستان کے سرکاری دورے کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، جس کے باعث آج اسلام آباد میں میٹروبس سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔
میٹروبس انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی میں میٹروبس سروس صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک معمول کے مطابق چلتی رہے گی، جبکہ سروس صرف صدر اسٹیشن سے فیض آباد تک بحال رہے گی۔ تاہم آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹروبس سروس معطل رہے گی۔
سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسلام آباد کے تمام ہائیکنگ ٹریلز بھی آج بند رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق اس دورے کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہنا ہے۔ صدر پزشکیان اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
ایرانی صدر کے استقبال کے لیے اسلام آباد کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے اور شہر میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔








