شانگلہ میں مسافر وین کھائی میں جا گری، 10 افراد زخمی
شانگلہ: خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ٹاپ کے مقام پر ایک مسافر وین بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق وین بازار کوٹ سے سوات جا رہی تھی کہ ٹاپ کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے یا تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وین کھائی میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر ابتدائی طبی امداد دی اور بعد ازاں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال الپوری منتقل کر دیا، جہاں تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔








