پہلی بار پاکستان کے بہترین فری لانسرز کو قومی ایوارڈ دیا جائے گا

پہلی بار پاکستان کے بہترین فری لانسرز کو قومی ایوارڈ دیا جائے گا

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے پہلی بار ملک کے نمایاں فری لانسرز کو اعزاز دینے کے لیے ٹاپ فری لانسر ایوارڈ متعارف کرا دیا، جو پی ایس ای بی آئی ٹی ایکسپورٹ ایوارڈز 2026 کا حصہ ہوگا۔

پی ایس ای بی کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کی مجموعی 4.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ برآمدات میں 1.1 ارب ڈالر سے زائد کا حصہ ڈالا۔ نئے ایوارڈ کا مقصد ڈیجیٹل معیشت اور برآمدی آمدن میں فری لانسرز کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

پی ایس ای بی نے رجسٹرڈ فری لانسرز کو ایوارڈ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی دعوت دی ہے۔ اہل امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ انہوں نے جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران باضابطہ بینکاری نظام کے ذریعے برآمدی رقوم وصول کی ہوں اور متعلقہ ایکسپورٹ کوڈز کے تحت پروسیڈز ریئلائزیشن سرٹیفکیٹس بھی موجود ہوں۔

پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ابراہیم امین نے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی معیشت میں فری لانسرز کے کردار کو تسلیم کیا جائے گا اور نوجوانوں کو اپنی مہارتیں بہتر بنانے، بین الاقوامی کلائنٹس حاصل کرنے اور آئی ٹی برآمدات بڑھانے کی ترغیب ملے گی۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کامیاب فری لانسرز کو اسٹارٹ اپس میں تبدیل ہونے کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں اور عالمی ٹیکنالوجی نمائشوں و کاروباری تقریبات میں شرکت کے مواقع دیے جائیں۔ پی ایس ای بی نے نامزدگیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ اگست 2026 مقرر کی ہے۔

More News