خیبرپختونخوا اسمبلی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی مراعات میں اضافہ، نئے قانون کا اعلامیہ جاری

خیبرپختونخوا اسمبلی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی مراعات میں اضافہ، نئے قانون کا اعلامیہ جاری

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں، مراعات اور استثنیٰ سے متعلق نئے قانون کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت دونوں عہدیداران کو متعدد اضافی سہولیات اور خصوصی مراعات حاصل ہوں گی۔

نئے قانون کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو سرکاری امور کے لیے دو سرکاری گاڑیاں رکھنے کا استحقاق حاصل ہوگا، جبکہ اسپیکر کے لیے بلٹ پروف گاڑی سمیت تین گاڑیوں کی سہولت بھی شامل ہے۔ بیرون ملک سرکاری سفر کے دوران ان کے بچوں کے ٹکٹ بھی سرکار کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔

قانون کے تحت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت بھی ہوگی۔ دونوں عہدیداران کو گرفتاری سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جبکہ ان کی سرکاری رہائش گاہوں میں کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو داخل ہونے، تلاشی لینے یا چھاپہ مارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق اسپیکر اگلی اسمبلی کے منتخب اسپیکر کے انتخاب تک سرکاری رہائش گاہ استعمال کرسکیں گے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں میں اضافے کا اختیار فنانس کمیٹی کو حاصل ہوگا۔

نئے قانون میں یہ بھی شامل ہے کہ دورانِ حادثہ اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کے انتقال کی صورت میں ان کے ورثا کو منظور شدہ پیکیج دیا جائے گا، جبکہ دونوں عہدیداران کے لیے دیگر مراعات اور سہولیات بھی قانون کا حصہ بنائی گئی ہیں۔

More News