پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی امید، وزیر پیٹرولیم کا اہم بیان
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ باب المندب میں پھنسے تجارتی جہازوں کی بحالی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جس سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند روز سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا جو دباؤ برقرار تھا، اب اس میں بہتری آنے کی امید ہے۔ ان کے مطابق ملکی سطح پر قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ اوگرا اپنے طے شدہ طریقہ کار اور فارمولے کے تحت کرے گا۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید بتایا کہ آئل ٹینکرز مالکان کے مسائل، خصوصاً کرایوں کی شرح اور کوٹے کی تقسیم سے متعلق تنازعات کے حل کے لیے ایک باقاعدہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو ان معاملات کا جائزہ لے گی۔
دوسری جانب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 9.26 فیصد کمی کے بعد 87.82 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 7.64 فیصد کمی کے بعد 82.49 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی آئندہ جائزے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی امید پیدا ہوگئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ اوگرا کی سفارشات اور عالمی قیمتوں کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔








