خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 32 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 32 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 32 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ اور ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

More News