عمران خان کی بہنیں انسدادِ دہشت گردی عدالت سے اشتہاری قرار
اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں 4 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ دورانِ سماعت پولیس کی جانب سے اشتہاری قرار دینے سے متعلق کارروائی مکمل ہونے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، جس کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ اس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا تھا، جس میں 4 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق الزامات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی عدالت کی جانب سے دونوں ملزمان کو طلب کیا گیا تھا، تاہم عدم پیشی کے باعث ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ سنایا۔








