سندھ بھر میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے، تدریسی سرگرمیوں کا آغاز

سندھ بھر میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے، تدریسی سرگرمیوں کا آغاز

کراچی: سندھ بھر میں گرمیوں کی دو ماہ کی تعطیلات کے اختتام کے بعد سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ طلبہ اور اساتذہ کی واپسی سے تعلیمی اداروں میں ایک بار پھر رونقیں لوٹ آئی ہیں۔

محکمۂ تعلیم سندھ کے فیصلے کے مطابق یکم اگست سے ہفتہ وار تعطیل بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد تمام تعلیمی ادارے ہفتے میں چھ دن کھلے رہیں گے۔ نئے اوقاتِ کار پر بھی عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔

تعلیمی سرگرمیوں کے پہلے روز سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبہ کی حاضری معمول سے کم رہی، جبکہ بعض نجی تعلیمی اداروں نے تدریسی عمل کا آغاز 3 اگست سے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اساتذہ نے طلبہ کا استقبال مختلف تعلیمی اور سائنسی سرگرمیوں کے ذریعے کیا، جبکہ والدین کو واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے نئے شیڈول اور دیگر اہم ہدایات سے آگاہ کیا گیا۔

دوسری جانب اسکول کھلنے کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ٹریفک کی روانی بھی معمول کے مطابق ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ محکمۂ تعلیم سندھ کی جانب سے یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔

More News