جنہوں نے اپنا آج قربان کیا، انہی کے باعث ہمارا کل محفوظ ہے، آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا یومِ شہدائے پولیس پر پیغام
پشاور: یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن بہادر سپوتوں نے اپنا آج وطن کے لیے قربان کیا، انہی کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہمارا کل محفوظ اور روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس محض ایک یادگاری دن نہیں بلکہ جرات، ایثار، قربانی اور فرض شناسی کی ایک ایسی داستان ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے ہر شہید کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ریاست کے استحکام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
ذوالفقار حمید نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ہتھیاروں، گولیوں اور بارود کی جنگ نہیں بلکہ یہ حوصلے، عزم، ایمان اور قربانی کی جنگ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے دھماکوں، خودکش حملوں اور دیگر مذموم کارروائیوں کے ذریعے پولیس فورس اور عوام کے حوصلے پست کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوان ہر محاذ پر چٹان کی مانند ڈٹے رہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ تک قربان کر دیا، لیکن کبھی اپنے فرض سے پیچھے نہیں ہٹے۔ یہی جذبہ آج بھی خیبرپختونخوا پولیس کی پہچان ہے اور مستقبل میں بھی فورس اسی عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی۔
آئی جی پولیس نے شہداء کے اہلِ خانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے صبر، استقامت اور قربانیوں کو پوری فورس سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے شہداء کے خون سے روشن ہونے والے چراغ کو ہمیشہ روشن رکھیں، قانون کی بالادستی، امن کے قیام اور عوام کی خدمت کے مشن کو پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جاری رکھیں تاکہ خیبرپختونخوا میں امن و استحکام مزید مضبوط ہو سکے۔








