کولمبیا میں شدید زلزلہ، عمارتوں کو نقصان، امدادی کارروائیاں جاری
کولمبیا کے صوبے چوکومیں سان خوسے ڈیل پالمر کے قریب شدید زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ مختلف علاقوں میں شہری خوف کے باعث گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صوبائی دارالحکومت کیوبڈو سمیت کولمبیا کے کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔ بوگوٹا میں بھی شہریوں نے شدید جھٹکے محسوس کیے، تاہم میئر کے مطابق دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
صوبائی گورنر نوبیا کیرولینا کورڈوبا نے زلزلے کے نتیجے میں افراد کے زخمی ہونے اور اہم مالی و انفراسٹرکچر نقصان کی تصدیق کی ہے۔ بعض علاقوں میں عمارتوں میں دراڑیں پڑنے جبکہ کچھ عمارتوں کے گرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے ہمسایہ ممالک وینزویلا اور ایکواڈور کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
حکام کی جانب سے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کا مکمل تخمینہ لگایا جا رہا ہے، جبکہ مزید آفٹر شاکس کے خدشے کے باعث امدادی اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکی سونامی وارننگ سسٹم کے مطابق زلزلے کے باعث سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔








