سم فراڈ سے ہوشیار، پی ٹی اے کی شہریوں کو اہم ہدایات

سم فراڈ سے ہوشیار، پی ٹی اے کی شہریوں کو اہم ہدایات

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو سم کارڈز کے نام پر ہونے والے آن لائن فراڈ اور بائیومیٹرک معلومات کے ممکنہ غلط استعمال سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق جعلساز شہریوں کو مفت منٹس، انٹرنیٹ ڈیٹا یا اضافی بیلنس جیسی ترغیبات دے کر ان سے سم کارڈ یا حساس بائیومیٹرک معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ شہری نیا سم کنکشن صرف موبائل کمپنیوں کے مجاز فرنچائزز یا کسٹمر سروس سینٹرز سے ہی حاصل کریں۔

پی ٹی اے نے بائیومیٹرک تصدیق کے دوران بھی خصوصی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔ صارفین کو چاہیے کہ تصدیق کے وقت اپنی موجودگی میں اسی سم کو فعال کروائیں جو انہوں نے خریدی ہو، تاکہ کسی بھی ممکنہ فراڈ یا شناخت کے غلط استعمال سے محفوظ رہا جا سکے۔

دوسری جانب پی ٹی اے نے ملک میں eSIM کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے نئی سہولت متعارف کرائی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت نئی eSIM کے اجرا اور روایتی فزیکل سم کو eSIM میں تبدیل کرنے کی زیادہ سے زیادہ فیس 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق یہ فیس پورے پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یکساں طور پر لاگو ہوگی۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سم سے متعلق کسی بھی معاملے میں غیر مجاز افراد سے رابطہ کرنے کے بجائے متعلقہ موبائل کمپنی کے مستند مراکز سے رجوع کریں۔

More News