پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل 15 سے 25 روپے تک سستا ہونے کا امکان
پاکستان میں عالمی منڈی میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع اور ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال برقرار رہنے اور روپے کی قدر مستحکم رہنے کی صورت میں پیٹرول کی قیمت میں آئندہ دنوں کے دوران 15 سے 25 روپے فی لیٹر تک کمی ہوسکتی ہے۔
رواں سال اپریل میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور امریکا ایران تنازع کے باعث پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 458.41 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 520.35 روپے فی لیٹر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم عالمی منڈی میں دباؤ کم ہونے کے بعد قیمتوں میں بتدریج کمی کا سلسلہ شروع ہوا۔
حکومت نے عالمی قیمتوں کے اثرات صارفین تک منتقل کرنے کے لیے پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام میں تبدیلی کی ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت اوگرا عالمی مارکیٹ کے Platts benchmark اور سات ورکنگ دنوں کی اوسط قیمت کو مدنظر رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی قیمتوں میں کمی کا اثر پاکستانی مارکیٹ میں فوری طور پر ظاہر نہیں ہوتا، کیونکہ سات روزہ اوسط میں سابقہ بلند قیمتیں بھی شامل ہوتی ہیں۔ جیسے جیسے مہنگے دن اوسط سے نکلتے ہیں، کم عالمی قیمتوں کا اثر مقامی نرخوں پر نمایاں ہونا شروع ہوجاتا ہے۔
اس وقت 8 اگست سے نافذ نرخوں کے مطابق پیٹرول 327.62 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 380.86 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں قیمتیں کم رہیں اور روپے کی قدر مستحکم رہی تو عوام کو آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید ریلیف مل سکتا ہے۔ تاہم حتمی کمی کا فیصلہ عالمی قیمتوں، ڈالر کی قدر، درآمدی اخراجات اور حکومتی ٹیکسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔








