نالہ لئی میں پانی 22 فٹ، انخلا شروع

نالہ لئی میں پانی 22 فٹ، انخلا شروع

راولپنڈی: جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ انتظامیہ نے گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا، جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔

رات ایک بجے سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوتی رہی۔ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیلابی کیفیت کے خطرے سے متعلق سائرن بھی بجائے گئے۔

حکام کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ گوالمنڈی میں پانی 17.5 فٹ کی سطح تک بلند ہوا۔ اطلاعات کے مطابق صرف آدھے گھنٹے کے دوران کٹاریاں میں پانی کی سطح 21.5 فٹ سے بڑھ کر 22 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 15 فٹ سے 17.5 فٹ تک پہنچ گئی۔

بارش کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسلام آباد کے گولڑہ میں 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیدپور، پی ایم ڈی ایچ ایٹ اور بوکرا آئی 12 سمیت دیگر علاقوں میں بھی نمایاں بارش ہوئی۔ راولپنڈی میں نیو کٹاریاں، پیرودھائی، شمس آباد، گوالمنڈی اور کچہری چکلالہ کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

نالہ لئی کی سطح میں اضافے کے بعد نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور گوالمنڈی و کٹاریاں سے شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، نالہ لئی کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کرنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب واسا کی جانب سے نکاسی آب کے مراکز، پانی نکالنے والی مشینیں اور بھاری مشینری فعال کردی گئی ہے، جبکہ فیلڈ افسران اور متعلقہ عملہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

More News