مال روڈ واقعے کا ملزم کے پی ہاؤس میں رہتا رہا، پی ٹی آئی قیادت سے بھی ملتا رہا، طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ راولپنڈی مال روڈ واقعے میں ہلاک ہونے والا ملزم خیبرپختونخوا ہاؤس میں رہتا رہا اور پی ٹی آئی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرتا رہا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ ملزم سے ان کا کوئی تعلق نہیں تھا یا اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ ان کے مطابق ملزم نے سیکیورٹی فورس کے اہلکار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اہلکار زخمی ہوا۔
وزیر مملکت نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ شخص پارٹی مظاہروں میں فرنٹ لائن پر موجود رہا اور اس کے پاس پارٹی کا جھنڈا بھی تھا۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں وہ فورسز پر حملہ کرتا دکھائی دیتا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ نفرت، انتشار اور تشدد کی سیاست کے نتیجے میں 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات پیش آئے، جبکہ اسی سوچ کے باعث مال روڈ کا واقعہ بھی سامنے آیا۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی کھیل کھیلے جانے کا خدشہ ہے، کارکنوں کے ذہنوں میں نفرت اور اشتعال پیدا کیا گیا تو ایسے واقعات دوبارہ ہوسکتے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ مال روڈ واقعے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور اس کے نتائج بھی سامنے آئیں گے۔ پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیں گے، اگر ایسا حملہ ہوا تو حملہ آور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔







