سونے کی قیمت میں مسلسل کئی روز اضافے کے بعد کمی ریکارڈ
کراچی: پاکستان میں کئی روز تک مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 60 ہزار 436 روپے ہوگئی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار ایک روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 94 ہزار 749 روپے کا ہوگیا۔
مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں یہ کمی عالمی سطح پر نرخوں میں کمی کے بعد سامنے آئی ہے۔ گزشتہ کئی روز سے پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیزی دیکھی جارہی تھی، جس کے باعث سونا نئی بلند سطحوں تک پہنچ گیا تھا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کا بھاؤ 35 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 380 ڈالر ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہِ راست اثر پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر پڑتا ہے۔ عالمی نرخوں کے علاوہ ڈالر کی قدر، مقامی طلب و رسد اور بین الاقوامی معاشی صورتحال بھی سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
حالیہ کمی کے باوجود ملک میں سونے کی قیمت اب بھی انتہائی بلند سطح پر موجود ہے۔ چند روز کے دوران ہونے والے مسلسل اضافے کے بعد آج کی کمی نے خریداروں کو معمولی ریلیف فراہم کیا ہے، تاہم عام شہریوں کے لیے سونے کی موجودہ قیمت اب بھی خاصی زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی اقتصادی حالات، کرنسی مارکیٹ اور سرمایہ کاروں کے رجحانات آنے والے دنوں میں سونے کے نرخوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، جس کے باعث قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔








