بھارت پاکستان سمیت مختلف ممالک میں دہشتگردی میں ملوث ہے، عطاء تارڑ

بھارت پاکستان سمیت مختلف ممالک میں دہشتگردی میں ملوث ہے، عطاء تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں، تاہم نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی۔

ایس ایس ڈی او کے زیر اہتمام کیپیسٹی بلڈنگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ ملک کے ہر طبقے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، جبکہ 2017 میں ملک سے دہشتگردی کے خاتمے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلگام واقعے کے فوری بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات عائد کیے، تاہم پاکستان نے ہر الزام کا مدلل اور عملی جواب دیا۔ وزیراعظم نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی، جس سے پاکستان کے مؤقف کو تقویت ملی۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہا ہے، جبکہ بھارت پر مختلف ممالک میں دہشتگردی اور قتل و غارت میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان سے کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی دہشتگردی اور سہولت کاری کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی سے متعلق ریاستی فیصلوں کی تمام اسٹیک ہولڈرز نے حمایت کی، جبکہ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے عسکری محاذ کے ساتھ ساتھ بیانیے کے میدان میں بھی بھارت کو جواب دیا۔

وزیر اطلاعات نے اطلاعاتی جنگ کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے جنگ کے دوران لاہور اور ملتان کے پورٹ تباہ ہونے سمیت کئی بے بنیاد دعوے کیے۔ موجودہ دور میں غلط اطلاعات اور منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا بھی قومی سلامتی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔

عطاء تارڑ کے مطابق سوات سے بلوچستان اور جنوبی پنجاب تک دہشتگردی کے خطرات کا نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقابلہ کیا گیا، جبکہ گزشتہ ڈھائی سے تین سال کے دوران دہشتگردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

More News