وزیراعظم سے سعودی کاروباری وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے سعودی کاروباری وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اپنی جانب سے نیک خواہشات اور دلی احترام کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات تاریخی اور برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں، جنہیں اب مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفادات پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کے پاکستان کے سابقہ دوروں کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ موجودہ دورہ گزشتہ مذاکرات کو مزید آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔

سعودی کاروباری وفد کے دورے کو پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

More News