پمز ہسپتال سانحہ: نومولود بچوں کی اموات پر وزیراعظم اور صدر کا اظہارِ افسوس

پمز ہسپتال سانحہ: نومولود بچوں کی اموات پر وزیراعظم اور صدر کا اظہارِ افسوس

اسلام آباد: پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں نومولود بچوں کی اموات پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آتشزدگی کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے، غفلت کے ذمہ دار افراد کا تعین کرکے حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نومولود بچوں کے ساتھ پیش آنے والا یہ سانحہ ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور وہ متاثرہ والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نومولود بچوں کی المناک اموات انتہائی دلخراش اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

صدرِ مملکت نے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق بچوں کے درجات بلند کرنے کی دعا بھی کی۔

حکومت کی جانب سے تحقیقات کے حکم کے بعد واقعے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔

More News