افغان طالبان کی ٹی ٹی پی حمایت، پاکستان میں حملوں میں اضافہ: اقوام متحدہ

افغان طالبان کی ٹی ٹی پی حمایت، پاکستان میں حملوں میں اضافہ: اقوام متحدہ

اسلام آباد: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تحت کام کرنے والی مانیٹرنگ ٹیم کی نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو مسلسل حمایت ملنے کے باعث پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغان طالبان نے ٹی ٹی پی کو محدود کرنے کے لیے بعض ابتدائی اقدامات کیے ہیں، تاہم اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم کے مطابق یہ اقدامات تنظیم کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے بجائے اسے منظم اور کنٹرول کرنے تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبان حکام نے پاکستان کی سرحد کے قریب موجود تقریباً 2 ہزار ٹی ٹی پی جنگجوؤں اور ان کے اہلِ خانہ کو افغانستان کے اندرونی علاقوں میں منتقل کیا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق طالبان سربراہ ہبت اللہ اخوندزادہ نے مبینہ طور پر پسِ پردہ رابطوں کے ذریعے ٹی ٹی پی قیادت کو پاکستان میں حملے روکنے کی تنبیہ بھی کی۔ انہیں خبردار کیا گیا کہ حملے جاری رہنے کی صورت میں طالبان کی حمایت سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ میں مجموعی طور پر افغانستان میں ٹی ٹی پی کی موجودگی اور پاکستان میں بڑھتے ہوئے دہشت گرد حملوں کے درمیان تعلق کو تشویش کا باعث قرار دیا گیا ہے۔

More News