راولپنڈی میں این سی سی آئی اے کا بڑا ایکشن، آن لائن فراڈ کال سینٹر پکڑا گیا، 28 ملزمان گرفتار
راولپنڈی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ میں ملوث ایک کال سینٹر پکڑ لیا، جبکہ کارروائی کے دوران 28 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں 24 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، جو مبینہ طور پر کال سینٹر میں کام کرتے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار تمام افراد پاکستانی ملازمین ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان ٹیلی گرام اور جعلی خواتین کے فیس بک پروفائلز کے ذریعے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے تھے۔ ملزمان مبینہ طور پر جعلی ای کامرس اور انویسٹمنٹ اسکیمز کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو مالی فائدے کا جھانسہ دیتے اور بعد ازاں ان سے رقم ہتھیانے کی کوشش کرتے تھے۔
این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران کال سینٹر سے متعدد کمپیوٹرز، موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات بھی قبضے میں لے لیے، جنہیں تحقیقات میں شواہد کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق مذکورہ فراڈ کال سینٹر مبینہ طور پر ایک چینی ماسٹر مائنڈ کی نگرانی میں چلایا جا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کی کارروائی کے بعد مبینہ چینی ماسٹر مائنڈ فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق فراڈ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی آگے بڑھائی جارہی ہے۔
این سی سی آئی اے راولپنڈی نے گرفتار 28 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ ضبط کیے گئے ڈیجیٹل آلات کا فرانزک جائزہ لینے سمیت واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ اور جعلی سرمایہ کاری اسکیمز کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔








