خیبرپختونخوا میں پرانی نمبر پلیٹس کی جگہ نئی آر ایف آئی ڈی نمبر پلیٹس لازمی کرنے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں رجسٹرڈ تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں کی پرانی نمبر پلیٹس تبدیل کرکے جدید آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی سے لیس نئی نمبر پلیٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق نئی نمبر پلیٹس پر ریڈیو فریکونسی شناختی اسٹیکرز نصب ہوں گے، جن کے ذریعے گاڑیوں کی ڈیجیٹل شناخت، نگرانی اور فوری ٹریکنگ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ اس اقدام کا اطلاق سرکاری اور نجی گاڑیوں پر یکساں طور پر ہوگا۔
حکام کے مطابق نئی نمبر پلیٹس کے ذریعے گاڑیوں کا ریکارڈ جدید خطوط پر استوار کرنے، سیکیورٹی نظام بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشتبہ یا چوری شدہ گاڑیوں کی فوری شناخت میں مدد ملے گی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق اس وقت ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ 1200 روپے میں جاری کی جاتی ہے، تاہم آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی سے مزین نئی نمبر پلیٹ کی قیمت 4000 روپے مقرر کی گئی ہے، جس سے گاڑی مالکان کو اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی نمبر پلیٹس کے اجرا اور پرانی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کے طریقہ کار، شیڈول اور دیگر تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔








