ٹی 20 ورلڈکپ 2028: آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے 14 شہروں نے میزبانی کی پیشکش کردی

ٹی 20 ورلڈکپ 2028: آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے 14 شہروں نے میزبانی کی پیشکش کردی

سڈنی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2028 کی میزبانی کے لیے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ تیاریاں تیز کر دی ہیں، جہاں دونوں ممالک کے 14 مختلف شہروں نے میگا ایونٹ کے میچز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے باضابطہ طور پر اپنی پیشکشیں جمع کرا دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے مختلف بڑے شہروں نے جدید اسٹیڈیمز، سفری سہولیات، ہوٹلنگ اور دیگر انفراسٹرکچر کی بنیاد پر میچز کی میزبانی کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

آسٹریلیا کے معروف شہروں سڈنی، میلبورن، برسبین، ایڈیلیڈ، پرت، ہوبارٹ، کینبرا، گولڈ کوسٹ، کیرنز اور جیلونگ سمیت کئی مقامات دوڑ میں شامل ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے آکلینڈ، ویلنگٹن، کرائسٹ چرچ اور ڈنیڈن نے بھی میزبانی کے لیے دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور مقامی آرگنائزنگ کمیٹیاں تمام درخواستوں کا تکنیکی اور انتظامی جائزہ لیں گی، جس کے بعد ان شہروں کا انتخاب کیا جائے گا جہاں ورلڈکپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔ انتخاب میں اسٹیڈیم کی گنجائش، شائقین کے لیے سہولیات، ٹرانسپورٹ، سکیورٹی اور براڈکاسٹنگ انفراسٹرکچر کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ وہ ایک یادگار اور کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ دونوں بورڈز کی کوشش ہے کہ شائقین کو عالمی معیار کی سہولیات اور بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ دنیا کے مقبول ترین کرکٹ ایونٹس میں شمار ہوتا ہے، جس میں دنیا بھر کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوتی ہیں۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ اس سے قبل بھی کئی بڑے آئی سی سی ایونٹس کی کامیاب میزبانی کر چکے ہیں، جس کے باعث 2028 کے ٹورنامنٹ سے بھی شائقین کو بڑی توقعات وابستہ ہیں۔

More News