سندھ میں جدید طبی سہولیات کے لیے بڑے اقدامات، بچوں کے لیے آئی سی یو بھی قائم

سندھ میں جدید طبی سہولیات کے لیے بڑے اقدامات، بچوں کے لیے آئی سی یو بھی قائم

کراچی: سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ، ذہنی صحت، بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد اقدامات شروع کردیئے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سرطان سے آگاہی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت کے مسائل کی بروقت نشاندہی کے لیے تمام لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ڈپریشن اور دیگر ذہنی مسائل کی علامات پہچاننے کی تربیت دی جارہی ہے، جبکہ زچگی کے بعد خواتین میں پیدا ہونے والے ذہنی مسائل پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے خواتین میں آگاہی پیدا کی جائے گی اور کمیونٹی ہیلتھ ورکرز انہیں ابتدائی علامات اور بریسٹ میں گانٹھ کی خود جانچ کے طریقوں سے آگاہ کریں گی۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق ذہنی صحت کی سہولیات کو اضلاع تک پہنچانے کے لیے ٹیلی ہیلتھ اور ٹیلی تھراپی سروس شروع کرنے پر کام جاری ہے، جبکہ ذہنی صحت سے متعلق جامع اور مستند ڈیٹا رجسٹری بھی قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم سے متعلق نئی پالیسی تیار کرلی ہے، جس کے تحت ایسے شعبوں میں اسپیشلائزیشن کرنے والے ڈاکٹروں کو ترجیح دی جائے گی جہاں ماہرین کی شدید کمی ہے۔ اینستھیٹسٹ، انتہائی نگہداشت کے ماہرین، ویسکیولر سرجنز، اینڈوکرائنولوجسٹس اور غذائی ماہرین کی کمی پوری کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مریض کا طبی ڈیٹا الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ نظام میں محفوظ کیا جائے گا اور بنیادی، ثانوی و ثالثی سطح کے اسپتالوں کو اس نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ کے لیے موبائل ایپ بھی تیار کرلی گئی ہے اور نظام جلد شروع کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران سندھ میں انتہائی نگہداشت کے بستروں میں اضافہ کیا گیا، جبکہ متعدی امراض کے لیے خصوصی اسپتال، انتہائی نگہداشت یونٹس اور ٹراما سینٹرز بھی قائم کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ، سکھر اور حیدرآباد میں انتہائی نگہداشت کی سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے گا، جبکہ سرکاری شعبے میں بچوں اور نومولودوں کے لیے انتہائی نگہداشت کی سہولت بھی قائم کردی گئی ہے، جسے سندھ حکومت کی اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

More News

Breaking

آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت،ایت نور کےوالد آبدیدہ ، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم

آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم ہری پور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

Read More »