عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران ایک لاکھ 28 ہزار 862 سیاحوں نے کاغان کا رخ کیا

عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ایک لاکھ 28 ہزار 862 سیاحوں نے وادی کاغان کا رخ کیا

پشاور:جنید طورو

عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران وادی کاغان میں سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں تین روزہ تعطیلات کے دوران ریکارڈ تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح تفریح اور سیر و سیاحت کے لیے پہنچے۔ پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر ایک لاکھ 28 ہزار 862 سیاحوں نے وادی کاغان کا رخ کیا، جن میں غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔

وادی کاغان اپنی قدرتی خوبصورتی، خوشگوار موسم اور دلکش مناظر کے باعث ملک بھر کے سیاحوں کی پسندیدہ سیاحتی منزل سمجھی جاتی ہے۔ عید کی تعطیلات کے دوران سیاح بڑی تعداد میں جھیل سیف الملوک، لولوسر جھیل، بابوسر ٹاپ اور دیگر خوبصورت مقامات کی سیر کے لیے پہنچے۔ ٹھنڈا موسم، سرسبز پہاڑ، برف پوش چوٹیاں، شفاف جھیلیں اور بہتے ہوئے آبشاریں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

سیاحوں نے دریائے کنہار کے صاف و شفاف پانی، قدرتی مناظر اور پرسکون ماحول سے بھرپور لطف اٹھایا۔ مختلف علاقوں سے آنے والے خاندانوں، نوجوانوں اور غیر ملکی مہمانوں نے وادی کے حسین مناظر کو کیمروں میں محفوظ کیا اور تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ مختلف سیاحتی مقامات پر عملہ تعینات کیا گیا جو سیاحوں کو معلومات فراہم کرنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ہنگامی صورتحال میں مدد فراہم کرنے کے فرائض انجام دیتا رہا۔

سیاحتی ماہرین کے مطابق وادی کاغان میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد نہ صرف علاقے کی مقامی معیشت کے لیے خوش آئند ہے بلکہ یہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کا بھی واضح ثبوت ہے۔

More News