لاہور کی اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام، شہریوں کو مشکلات کا سامنا
لاہور میں اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کینال روڈ سمیت شہر کی متعدد مصروف سڑکوں پر گاڑیاں بمپر ٹو بمپر پھنسی ہوئی ہیں، جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ سے مسلم ٹاؤن موڑ تک گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔
مسلم ٹاؤن موڑ اور کیمپس پل کے اطراف بھی ٹریفک کا دباؤ انتہائی بڑھ گیا ہے، جس کے باعث دفاتر اور تعلیمی اداروں کو جانے والے شہری طویل انتظار میں پھنس گئے۔ ٹھوکر نیاز بیگ کے مختلف مقامات پر بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں موجود ہیں اور بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی تقریباً مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید ٹریفک جام کے باوجود اہم شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے وارڈنز کی مؤثر موجودگی نظر نہیں آ رہی۔ شہریوں کے مطابق متعدد مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پٹرولنگ اور نگرانی بھی مؤثر انداز میں دکھائی نہیں دے رہی، جس سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام کے باعث معمول کا چند منٹ کا سفر بھی طویل انتظار میں تبدیل ہوگیا ہے۔ دفاتر اور تعلیمی اداروں کو بروقت پہنچنا مشکل ہو گیا، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ مسلسل برقرار ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ٹریفک نظام بہتر بنانے کی ہدایات کے باوجود کینال روڈ، مسلم ٹاؤن موڑ اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت اہم شاہراہوں پر پیدا ہونے والی صورتحال ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات پر سوالات اٹھا رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔








