مصطفیٰ کمال کا پمز کارڈیک سینٹر کا اچانک دورہ، ناقص انتظامات پر برہمی
اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے کارڈیک سینٹر کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبوں اور رومز کا جائزہ لیتے ہوئے ناقص انتظامات پر اسٹاف سے برہمی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے الیکٹرو فیزیالوجی کیتھ لیب کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے سہولیات اور درپیش مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
مصطفیٰ کمال پمز کے کارڈیک سینٹر کے پرائیویٹ رومز کی حالت دیکھ کر برہم ہوگئے اور انتظامیہ کو فوری طور پر اسپتال کی دیکھ بھال اور مرمت کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر سلمان سے کہا کہ اسپتال کو سمجھنے کے لیے 6 ماہ نہیں ملیں گے بلکہ فوری کام کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کی روزانہ دیکھ بھال ضروری ہے اور جو اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہا اسے فوری طور پر ہٹایا جائے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کسی کی سیاسی یا ذاتی وابستگی نہیں دیکھی جائے گی، کام نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نااہل اور کام چور افراد کی نشاندہی کرکے فوری ایکشن لیا جائے۔
دورے کے دوران پمز انتظامیہ نے وفاقی وزیر صحت کو انتظامی اختیارات کے مرکزیت سے متعلق شکایات سے بھی آگاہ کیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ادارے میں بیشتر انتظامی اختیارات ایک ہی شخصیت کے پاس مرکوز ہیں۔
جس پر مصطفیٰ کمال نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ تحریری طور پر اپنی تجاویز دیں، تاکہ اختیارات کی بہتر تقسیم اور مؤثر انتظامی نظام کے لیے مناسب فیصلہ کیا جاسکے۔








