ٹانک میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی، ٹی ٹی پی بھٹنی گروپ کے 3 دہشت گرد ہلاک
ضلع ٹانک کے علاقے گڑہ فقیرا میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ڈسٹرکٹ پولیس کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی بھٹنی گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے ترجمان کے مطابق 9 اکتوبر کو تھانہ ایس ایم اے کی حدود میں جنڈولہ روڈ پر کارروائی کی گئی۔ پولیس اہلکاروں کے موقع پر پہنچنے پر مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تین افراد ہلاک پائے گئے۔ ان میں سے دو کی شناخت اسامہ ولد سلطان اور سلیمان ولد ولی محمد، ساکنان فقیر کلے جنڈولہ، کے ناموں سے ہوئی، جبکہ تیسرے کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک افراد دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے میرا عالم پمپ کے قریب آئی ای ڈی نصب کی تھی، جس کے دھماکے میں ایک شہری اور ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد شہید جبکہ سات افراد زخمی ہوئے تھے۔ ان پر وانا بازار کی مرکزی سڑک اور امن کمیٹی کے سربراہ بلال کے دفتر کی چھت پر آئی ای ڈی نصب کرنے کا الزام بھی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والا اسامہ 2025 میں بنوں کینٹ حملے میں مارے گئے شعیب کا بھائی تھا، جبکہ وانا بازار میں پولیس پر حملے کے دوران مارا گیا موسیٰ اس کا چچا زاد بھائی تھا۔
کارروائی کے دوران تین کلاشنکوفیں، 11 میگزین بمعہ گولہ بارود اور ایک موبائل فون برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔








