پاکستان اور جاپان کے درمیان سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کا معاہدہ ہوگیا

پاکستان اور جاپان کے درمیان سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کا معاہدہ ہوگیا

پاکستان اور جاپان کے درمیان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کے لیے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے کے تحت جاپان سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے 2 ارب 58 کروڑ جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرے گا، جس کی مالیت تقریباً 16.4 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق گرانٹ معاہدے پر اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکریٹری اقتصادی امور سبینہ قریشی اور جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے۔ اس منصوبے کا مقصد سندھ کے سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں حفاظتی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانا اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مقامی آبادی کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

منصوبے کے تحت ضلع لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کی بہتری اور مضبوطی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ حفاظتی بند کو مضبوط بنانے سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے یا سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں قریبی آبادیوں اور دیگر علاقوں کو ممکنہ نقصانات سے بچانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق منصوبے کے ذریعے سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے موجودہ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے سیلاب کے خطرات سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور مستقبل میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

معاہدے سے متعلق ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر بھی دستخط کیے گئے۔ ان دستاویزات پر سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے دستخط کیے۔

اس موقع پر سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابل قدر ترقیاتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مختلف شعبوں میں جاری ہے۔

جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپان پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران شدید سیلابوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، جس کے پیش نظر سیلاب سے بچاؤ کے لیے حفاظتی بندوں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اہم ضرورت بن چکا ہے۔ جاپان کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ گرانٹ سندھ میں سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

More News