پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہب، باہمی اعتماد، تاریخ اور عوامی روابط پر قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں، بالخصوص مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل طور پر مملکت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سعودی قیادت اور عوام کو 96ویں قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سعودی عرب کا قومی دن ہر سال 23 ستمبر کو مملکت کے قیام کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔








