پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ سستی الیکٹرک بائیکس متعارف، پٹرول کے اخراجات سے نجات کی امید

پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ سستی الیکٹرک بائیکس متعارف، پٹرول کے اخراجات سے نجات کی امید

مہنگے پٹرول اور بڑھتے سفری اخراجات سے پریشان عوام کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک بائیکس متعارف کرا دی گئی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ای بائیکس کا افتتاح کیا۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ چین اور ایک مقامی کمپنی کے اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کی صنعت کو فروغ دینا اور مقامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانا ہے۔

پائلٹ منصوبے کے تحت مقامی صنعت میں 2500 الیکٹرک بائیکس تیار کی گئی ہیں، جنہیں ماحول دوست اور کم خرچ سفری سہولت کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق ای بائیکس کے استعمال سے شہریوں کو پٹرول کے بڑھتے اخراجات سے ریلیف مل سکتا ہے جبکہ آلودگی میں بھی کمی لانے میں مدد ملے گی۔

وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کا شعبہ پاکستان کا مستقبل ہے۔ مقامی سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری سے صنعتی ترقی کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں مزید مقامی منصوبے متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔

More News