پشاور: پولیس شہدا کی قربانیوں کا اعتراف، ورثا کو رہائشی پلاٹس الاٹمنٹ لیٹرز جاری
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ان کی قربانیوں کے اعتراف کے طور پر ایک اہم اقدام کرتے ہوئے 67 شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا میں رہائشی پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے پلاٹ حاصل کرنے والے خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے پشاور میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، سیکرٹری ہاؤسنگ محمد طاہر اورکزئی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سی پی او عبدالسلام خالد، دیگر سرکاری حکام اور شہدا کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ گزشتہ سال وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے پولیس شہدا کے ورثا کو رہائشی پلاٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر اب عملی طور پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کوئی بھی سہولت شہدا کے خاندانوں کے غم کا مکمل مداوا نہیں کر سکتی، تاہم حکومت ان کی مشکلات کم کرنے اور انہیں بہتر زندگی کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پلاٹس حاصل کرنے والے خاندانوں کو اپنے گھر تعمیر کرنے کے لیے 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی رہائش کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کابینہ کو یہ سفارش بھی ارسال کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے دیگر شہدا کے خاندانوں کو بھی اسی نوعیت کی اسکیم سے مستفید کیا جائے۔
اس موقع پر آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس فورس کی قربانیاں قوم کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور شہدا پیکیج کو دیگر صوبوں کے مساوی لایا جا چکا ہے جبکہ مستقبل میں مزید شہدا کے خاندانوں کو بھی رہائشی پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور پولیس محکمہ شہدا کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھیں گے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔








