کراچی میں آج سے 3 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
کراچی: محکمۂ موسمیات نے شہرِ قائد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج دوپہر یا شام سے 3 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق جنوبی مدھیہ پردیش پر موجود ہوا کے کم دباؤ کا نظام مزید کمزور ہو کر راجستھان کے قریب پہنچ گیا ہے۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر بحیرۂ عرب اور خلیجِ بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر یا شام سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سانگھڑ، حیدر آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدر آباد، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹیاری، میرپور خاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہٰ یار کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
حکام کے مطابق تیز ہواؤں، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔







