کراچی کی پانچ ڈسپنسریاں 24 گھنٹے فعال اسپتالوں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ شروع
کراچی: وفاقی حکومت نے شہر قائد کی پانچ ڈسپنسریوں کو جدید اور 24 گھنٹے فعال اسپتالوں میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پہلے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے جیکب لائن میں گورنمنٹ ڈسپنسری کی توسیع کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ ڈسپنسری کو 30 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں شہریوں کو بنیادی طبی سہولتیں چوبیس گھنٹے فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق سول ڈسپنسری، ایئرپورٹ اور گارڈن سمیت کئی غیر فعال طبی مراکز کو بھی جدید اسپتالوں میں تبدیل کرنے کا کام جاری ہے، جبکہ اس منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب 86 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین ماہ کے اندر یہ ڈسپنسری مکمل طور پر فعال اسپتال کی صورت اختیار کر لے گی۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد اسپتالوں کی تعمیر اور انتظامی امور کی ذمہ داری صوبائی حکومتوں کے سپرد کر دی گئی ہے، تاہم وفاقی حکومت اپنے دائرۂ اختیار میں موجود طبی مراکز کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں صاف پانی کی کمی اور نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے مختلف بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔







