پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی: کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔
کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے ہنڈرڈ انڈیکس میں 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار 796 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں کے نمایاں حصص میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا، جس سے مجموعی طور پر مارکیٹ کا مثبت ماحول قائم رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی رہی تھی اور کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1690 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 74 ہزار 776 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
آج کاروبار کے آغاز میں ہونے والے نمایاں اضافے سے گزشتہ سیشن کی مندی کے ایک بڑے حصے کی تلافی ہوگئی ہے۔ سرمایہ کاروں کی نظریں اب کاروباری دن کے دوران مارکیٹ کی مزید سمت اور اہم معاشی و مالیاتی عوامل پر مرکوز ہیں۔








