وزیراعظم سے پمز میں نومولود کو بچانے والی نرس کی ملاقات، قوم کا فخر قرار دے دیا

وزیراعظم سے پمز میں نومولود کو بچانے والی نرس کی ملاقات، قوم کا فخر قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین سے ملاقات کی اور انہیں قوم کی بیٹی اور قوم کا فخر قرار دیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران شہباز شریف نے نرس رضیہ نورین کی بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ رضیہ نورین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کی زندگی بچانے کے لیے جس جرات اور ہمت کا مظاہرہ کیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بچے کی جان بچائی اور ایک عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس ماں کا بچہ آپ نے بچایا، وہ تمام عمر آپ کو دعائیں دے گی۔ وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ رضیہ نورین کو 23 مارچ کو تمغۂ خدمت سے بھی نوازا جائے گا۔

ملاقات کے دوران نرس رضیہ نورین نے پمز آتشزدگی کے دوران پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات وزیراعظم کو بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیکیشن کا وقت تھا کہ اچانک آگ نظر آئی، جس پر انہوں نے کسی بات کی پروا کیے بغیر فوری طور پر اندر جانے کا فیصلہ کیا۔

رضیہ نورین کے مطابق انہوں نے دوسری سسٹر سے بچوں کو بچانے کے لیے کہا اور ایک نومولود کو ریسکیو کرکے باہر لے آئیں۔ بچے کو ایک جان پہچان والے شخص کے حوالے کرنے کے بعد وہ دیگر بچوں کو بچانے کے لیے دوبارہ اندر چلی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسی دوران اچانک ایک دھماکہ ہوا، جس کے بعد ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔

وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قابلِ فخر کردار قوم کے لیے مثال ہوتے ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

More News