خیبرپختونخوا پولیس میں 38 کمپیوٹر آپریٹرز کی بھرتی، تقرری کے احکامات جاری
پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ETEA) کے ذریعے منتخب ہونے والے 38 نئے کمپیوٹر آپریٹرز کو پولیس فورس میں شامل کرلیا۔
سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حامد نے نئے بھرتی ہونے والے کمپیوٹر آپریٹرز میں تقرری کے خطوط تقسیم کیے۔ تقریب میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرلز، ڈپٹی انسپکٹر جنرلز اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
آئی جی پولیس نے نئے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس میں بھرتیاں میرٹ، اہلیت اور شفافیت کے اصولوں کے تحت کی جا رہی ہیں اور اس عمل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ETEA کے ذریعے منتخب ہونے والے نوجوانوں نے اپنی قابلیت اور اہلیت ثابت کرنے کے بعد پولیس فورس کا حصہ بننے کا موقع حاصل کیا ہے۔ ان کی تقرری اس بات کا ثبوت ہے کہ باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کے لیے پولیس میں آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں۔
نئے کمپیوٹر آپریٹرز سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ انہیں صرف سرکاری ملازمت نہیں ملی بلکہ ایک اہم قومی ادارے کا حصہ بننے کا موقع بھی ملا ہے۔ انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنی تکنیکی مہارت، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عوامی خدمت اور پولیس کے انتظامی و ڈیجیٹل نظام کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کریں۔
آئی جی ذوالفقار حامد نے کہا کہ جدید دور میں پولیسنگ صرف روایتی طریقوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ ڈیجیٹل ریکارڈ، ڈیٹا مینجمنٹ اور تیز رفتار معلوماتی نظام مؤثر پولیسنگ کے بنیادی اجزا بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تکنیکی مہارت رکھنے والے اہلکاروں کی شمولیت سے خیبرپختونخوا پولیس کے ڈیجیٹل اور انتظامی نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ نئے کمپیوٹر آپریٹرز فورس کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور دفتری امور کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
آئی جی نے نئے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، نظم و ضبط، لگن اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور اپنی کارکردگی سے ثابت کریں کہ میرٹ پر ان کا انتخاب درست فیصلہ تھا۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس میں ہر اہل اور باصلاحیت فرد کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ ایک جدید، مضبوط اور پیشہ ور پولیس فورس تشکیل دی جاسکے جو بدلتے ہوئے سکیورٹی اور انتظامی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکے۔
تقریب کے اختتام پر آئی جی پولیس نے نئے تعینات ہونے والے اہلکاروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اپنی نئی ذمہ داریوں کو قومی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہوئے بھرپور محنت کرنے کی تلقین کی۔








