عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا، کسی کو کھانے نہیں دوں گی، مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا اور کرپشن میں ملوث کسی بھی فرد کو عہدہ، تعلق یا سفارش نہیں بچا سکے گی۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے لیے کوئی گنجائش، پناہ یا رعایت نہیں، جبکہ کرپشن اور رشوت کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کرپشن کی نشاندہی اور نگرانی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کردیا گیا ہے، جس کی رپورٹ براہ راست انہیں پیش کی جا رہی ہے۔ عوام کی شکایات کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن 1350 بھی قائم کی گئی ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ شکایت کنندہ کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور ہر شکایت پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو اس کے عہدے، تعلق یا سفارش کی بنیاد پر تحفظ نہیں ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوٹی گئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے پیسے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
طلبہ کیلئے الیکٹرک بائیک اسکیم میں اہم ہدایات
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ کے لیے سی ایم الیکٹرک بائیک اسکیم میں ڈاؤن پیمنٹ وصول نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر واجبات عائد کرنے کی سفارشات بھی مسترد کردی گئی ہیں۔
حکومت پنجاب طلبہ کو فراہم کی جانے والی ای بائیکس پر انٹرسٹ اور انشورنس کی رقم خود ادا کرے گی، جبکہ طلبہ کے لیے ماہانہ تقریباً 3 ہزار روپے قسط مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے رواں ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے اہل طلبہ کو چھ ہفتوں کے اندر بائیکس فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔








