ایسر کا 799 گرام وزنی لیپ ٹاپ متعارف، دنیا کے ہلکے ترین لیپ ٹاپس میں شامل
برلن: ٹیکنالوجی کمپنی ایسر نے آئی ایف اے 2026 نمائش کے دوران سوئفٹ بلیڈ 14 کے نام سے انتہائی ہلکا لیپ ٹاپ متعارف کرا دیا، جس کا وزن محض 799 گرام ہے۔
کمپنی کے مطابق سوئفٹ بلیڈ 14 کو عالمی مارکیٹ کے لیے پیش کیا گیا ہے اور اس کے انتہائی کم وزن کی وجہ سے اسے دنیا کے ہلکے ترین لیپ ٹاپس میں شمار کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاپانی کمپنی فوجیتسو کا لائف بک لیپ ٹاپ اس سے بھی ہلکا ہے، تاہم وہ صرف جاپانی مارکیٹ میں دستیاب ہے، جبکہ ایسر کا نیا لیپ ٹاپ عالمی صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
سوئفٹ بلیڈ 14 کو ہلکا رکھنے کے لیے اس کی تیاری میں کاربن فائبر اور میگنیشیم ایلومینیم جیسے ہلکے اور مضبوط میٹریلز استعمال کیے گئے ہیں۔
لیپ ٹاپ میں 14 انچ کی OLED اسکرین دی گئی ہے، جبکہ اسے Intel Core Series 3 CPU سے لیس کیا گیا ہے۔ ڈیوائس میں 12 جی بی ریم بھی فراہم کی گئی ہے۔
ایسر نے فی الحال لیپ ٹاپ کے دیگر اہم ہارڈویئر اور فیچرز کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اسی طرح کمپنی کی جانب سے سوئفٹ بلیڈ 14 کی قیمت اور عالمی سطح پر فروخت شروع ہونے کی حتمی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔
799 گرام وزن کے باعث یہ لیپ ٹاپ خاص طور پر ان صارفین کے لیے دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے جو سفر، دفتر یا روزمرہ استعمال کے لیے انتہائی ہلکی اور آسانی سے ساتھ لے جانے والی ڈیوائس کو ترجیح دیتے ہیں۔








