عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دیں گے، فیلڈ مارشل
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور سیکیورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں مسلسل چوکس رہنے اور آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔








