سیاحوں کا غیر معمولی رش: تین روز میں 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد سیاحوں کی آمد

خیبر پختونخوا میں سیاحوں کا غیر معمولی رش

پشاور (ویب ڈیسک):

خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 21 سے 23 مارچ 2026 کے دوران صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ کے مطابق تین دنوں میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 62 ہزار 978 ملکی جبکہ 76 غیر ملکی سیاح خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں داخل ہوئے۔ اس طرح کل سیاحوں کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 54 رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ رش سوات ویلی میں ریکارڈ کیا گیا جہاں ایک ہی دن میں 1 لاکھ 86 ہزار 121 ملکی سیاح پہنچے، جبکہ 72 غیر ملکی سیاح بھی سوات کا رخ کرتے نظر آئے۔ ماہرین کے مطابق سوات اپنی قدرتی خوبصورتی اور بہتر سہولیات کے باعث سیاحوں کی پہلی ترجیح بن چکا ہے۔

اسی طرح گلیات میں 51 ہزار 886 مقامی سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی، جو اس علاقے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے۔ دیگر سیاحتی مقامات میں ناران/کاغان میں 9 ہزار 485، کالاش ویلی و گرم چشمہ میں 7 ہزار 791 (جن میں 4 غیر ملکی شامل ہیں)، کمراٹ ویلی میں 7 ہزار 400 جبکہ بونی اور مستوج میں 295 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سیاحوں کی مجموعی تعداد 76 رہی، جو زیادہ تر سوات ویلی اور کالاش ویلی جیسے ثقافتی اور قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار مختلف چیک پوسٹس، لیویز اور پولیس ریکارڈ، کے پی ٹورازم پولیس، اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹس کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔

سیاحتی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم بہار کے آغاز، بہتر سیکیورٹی انتظامات اور سیاحتی سہولیات میں بہتری کے باعث خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کی جانب لوگوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس سے مقامی معیشت کو بھی فروغ مل رہا ہے۔

حکام نے سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 1422 ٹورسٹ فسیلیٹیشن ہب کے ذریعے معلومات اور سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا ہے۔

More News