ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ، گھریلو سلنڈر 3470 روپے کا ہوگیا
کراچی: عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے 73 پیسے فی کلو اضافہ کر دیا، جس کے بعد نئی قیمت 294 روپے 73 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر 2026 سے ہوگا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی 173 روپے 86 پیسے کا اضافہ ہو گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی سابقہ قیمت 3296 روپے تھی، جو اضافے کے بعد بڑھ کر 3470 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے خصوصاً ان گھریلو صارفین کے اخراجات بڑھ جائیں گے جو کھانا پکانے اور دیگر ضروریات کے لیے گیس سلنڈرز استعمال کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق نومبر کے آغاز سے ہوگا، جس کے بعد صارفین کو فی کلو گیس اور گھریلو سلنڈر کی خریداری کے لیے زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔








