شمالی وزیرستان: اجلاسوں سے غیرحاضری پر 8 محکموں کے افسران کو آخری وارننگ

شمالی وزیرستان: اجلاسوں سے غیرحاضری پر 8 محکموں کے افسران کو آخری وارننگ

شمالی وزیرستان: سرکاری اجلاسوں سے مسلسل غیرحاضری اور دفتری امور میں عدم دلچسپی پر ڈپٹی کمشنر تیمور آفریدی نے ٹی ایم اے، نادرا، زراعت، سول ڈیفنس اور مائنز سمیت 8 اہم محکموں کے افسران کو آخری وارننگ جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جی او سی 7 ڈویژن کی زیرِ صدارت گزشتہ روز منعقدہ ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی سی سی) کے اجلاس میں بار بار طلبی کے باوجود غیر حاضر رہنے والے افسران کے خلاف سخت نوٹس لیا گیا۔ اجلاس کا مقصد محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لینا، گورننس کے مسائل حل کرنا اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانا تھا۔

نوٹس وصول کرنے والے افسران میں ٹی ایم او میران شاہ، ٹی ایم او میرعلی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مائنز اینڈ منرلز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر، سول ڈیفنس آفیسر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر انجینئرنگ شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مراسلے میں کہا کہ اہم اجلاسوں سے مسلسل غیرحاضری اور دفتری امور میں عدم دلچسپی حکومتی اصلاحات میں رکاوٹ بن رہی ہے اور اس سے ماتحت عملے کا نظم و ضبط بھی متاثر ہوتا ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ آئندہ اجلاسوں میں حاضری اور محکمانہ کارکردگی بہتر نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق تادیبی کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو سفارش بھیجی جائے گی۔

More News