سعودی عرب اور شام کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، توانائی کی عالمی فراہمی جاری رکھنے پر زور

سعودی عرب اور شام کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، توانائی کی عالمی فراہمی جاری رکھنے پر زور

سعودی عرب اور شام نے دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اہم معاہدوں پر دستخط کر دیے، جبکہ دونوں ممالک نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور عالمی توانائی کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور شامی صدر احمد الشرع کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات میں علاقائی و عالمی سلامتی، بحری جہاز رانی کے تحفظ اور عالمی معیشت کے استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے خبردار کیا کہ کسی بھی فوجی تصادم کے عالمی توانائی کی فراہمی، سمندری تجارت اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بحیرہ احمر، باب المندب اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو درپیش خطرات فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دورے کے دوران سعودی عرب اور شام کی وزارت دفاع کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ صنعتی تعاون، زراعت اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں بھی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔

سعودی فنڈ برائے ترقی نے شام میں انفراسٹرکچر، صحت، ہاؤسنگ اور مالیاتی خدمات کے منصوبوں سے متعلق بھی متعدد معاہدے کیے۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقائی استحکام، سفارت کاری اور باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

More News