خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایس آئی ایف سی اور صوبائی حکومت متحرک

خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایس آئی ایف سی اور صوبائی حکومت متحرک

خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون اور روابط جاری ہیں۔ اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایس آئی ایف سی کا دورہ کیا، جہاں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران صوبے میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع، کاروباری شعبوں کی استعداد اور اسپیشل اکنامک زونز کی کارکردگی بہتر بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ایس آئی ایف سی حکام نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو کونسل کے تحت جاری ضابطہ جاتی اصلاحات اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ حکام کے مطابق سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کم کرنے اور سرمایہ کاری کے عمل کو تیز بنانے کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

ایس آئی ایف سی صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے سرمایہ کاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ضروری سہولیات فراہم کرنے اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ان روابط کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اسپیشل اکنامک زونز کی استعداد میں بہتری سے صوبے میں صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

More News