محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں 8 کروڑ روپے کی سٹیشنری خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف

محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں 8 کروڑ روپے کی سٹیشنری خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف

پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں تقریباً 8 کروڑ روپے کی سٹیشنری خریداری میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سے جواب طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 7 کروڑ 99 لاکھ روپے کی سٹیشنری خریداری میں بجٹ اور پرچیز کمیٹی کی منظوری کے بغیر خریداری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق خریداری کے دوران مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔

رپورٹ میں مزید نشاندہی کی گئی ہے کہ خریدے گئے سامان کی فزیکل ویریفکیشن نہیں کی گئی اور نہ ہی اسے اسٹاک رجسٹر میں درج کیا گیا، جس سے خریداری کے عمل اور سرکاری رقم کے استعمال پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی ہے کہ سات روز کے اندر خریداری سے متعلق مکمل ریکارڈ اور تحریری جواب فراہم کیا جائے۔

اینٹی کرپشن نے خریداری کے عمل سے لے کر ادائیگیوں تک ملوث افسران کے نام اور عہدے بھی ظاہر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کو خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں تسلی بخش جواب اور مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

More News