وزیراعظم شہباز شریف کی عراقی ہم منصب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
اسلام آباد: شہباز شریف نے عراق کے نومنتخب وزیراعظم علی الزیدی کو عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ علی الزیدی کو عراق کا وزیراعظم مقرر ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں اور اس اہم ذمہ داری سنبھالنے پر اپنے عراقی ہم منصب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نئی عراقی حکومت کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے اور باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔








