بعض سیاسی رہنماجان بوجھ کرسیاسی پوائنٹ اسکورنگ کررہےہیں،عظمیٰ بخاری کا علی موسیٰ گیلانی کےبیان پرردعمل

بعض سیاسی رہنما سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے علی موسیٰ گیلانی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض سیاسی رہنما یا تو حقائق سے لاعلم ہیں یا پھر جان بوجھ کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تعصب کی عینک اتار کر جنوبی پنجاب کا دورہ کیا جائے تو وہاں ہونے والی ترقی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے کے تمام علاقوں کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو خصوصی ترجیح حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی کسی ایک خطے تک محدود نہیں بلکہ پورے پنجاب کی متوازن ترقی پر مبنی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا منصوبہ سب سے پہلے جنوبی پنجاب میں شروع کیا گیا، جبکہ اس وقت صوبے کے دس اضلاع میں یہ سروس کامیابی سے جاری ہے اور اسے مزید شہروں اور تحصیلوں تک توسیع دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والے دو لاکھ گھروں میں جنوبی پنجاب کا نمایاں حصہ شامل ہے۔ اسی طرح کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے مختلف منصوبے بھی جنوبی پنجاب میں تیزی سے جاری ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹر اسکیم، کسان کارڈ اور سپرسیڈر اسکیم جیسے زرعی منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ جنوبی پنجاب کے کسانوں کو پہنچا ہے، جس سے زرعی پیداوار اور کسانوں کی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچے کے علاقوں کی ترقی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے 10 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جو جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے حکومتی سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے۔

علی موسیٰ گیلانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کے لیے جنوبی پنجاب کارڈ کھیلنے کی روایت اب پرانی ہو چکی ہے اور حکومت پر سیاسی دباؤ یا بلیک میلنگ کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے کے ہر علاقے کو مساوی ترقی اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ پنجاب کے تمام شہری ترقی کے ثمرات سے یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔

More News

Breaking

امریکہ اور ایران بحران میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی کامیاب ثالثی اور سفارتی کوششوں کا اصل چہرہ بن کر ابھرے، دی ڈپلومیٹ رپورٹ

امریکہ اور ایران بحران میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی کامیاب ثالثی کا نمایاں چہرہ بن کر ابھرے: دی ڈپلومیٹ رپورٹ معروف عالمی

Read More »