بجٹ عوام دوست نہ ہوا تو بھرپور مخالفت کریں گے، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان
پشاور:عارف اکرام
خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمانی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی بجٹ، سیاسی صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا بجٹ عوام دوست نہ ہوا تو اپوزیشن اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفادات کے خلاف کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا اور اپوزیشن ہر سطح پر عوام کے حقوق کا دفاع کرے گی۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت کی کمزوریوں، ناقص کارکردگی اور غیر آئینی اقدامات کی ہر فورم پر مخالفت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صوبے کے حقوق، عوامی مسائل اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ کرپشن اور صوبے کے مفاد کے خلاف اٹھائے جانے والے ہر اقدام پر سخت تنقید کی جائے گی، کیونکہ اپوزیشن کا بنیادی مقصد عوامی حقوق کا تحفظ اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں اور اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ صوبے کو درپیش چیلنجز اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھا جائے گا۔
سیاسی ملاقاتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں جمہوری اور سیاسی عمل کا حصہ ہوتی ہیں، اس لیے انہیں غیر ضروری رنگ دینا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کے درمیان رابطے اور مشاورت جمہوری روایات کا حصہ ہیں۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اپوزیشن عوامی مسائل کے حل، صوبے کی ترقی اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اسمبلی کے اندر اور باہر اپنا آئینی اور مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔








